• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کے تمام بھٹہ خشت کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

پشاور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پشاور کے تمام بھٹہ خشت کو ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،فیصلے پرعمل درآمد کیلئے پشاور کی ضلعی انتظامیہ کو منصوبہ تیار کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ،اس بات کا فیصلہ منگل کے روز کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیاہے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان،محکمہ EPI، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران یوسفزئی،اسسٹنٹ کمشنر پشاور ہاشم راو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 7000سات ہزار اینٹ کی بھٹیوں ؍بھٹہ خشت کو جدید اور ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بہت مدد ملی ہے کمشنر پشاور کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں صرف 2بھٹہ خشت کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا گیا ہے جو انتہائی کامیابی سے جاری ہے جبکہ موجودہ وقت میں بھٹہ خشت مالکان کوئلہ،لکڑی، ربڑ اور پلاسٹک آگ جلانے کیلئے استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے خطرناک زہریلے دھوئے کا اخراج ہوتا ہے جو کہ انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو محکمہ ماحولیات،محکمہ صنعت،اور بھٹہ خشت مالکان کیساتھ اجلاس منعقد کرکے پشاور کے تمام بھٹہ خشت اینٹ کی بھٹیوں کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ بھٹہ خشت مالکان کو اعتماد میں لیکر فوری طور پر عملی اقدامات شروع کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دسمبر سے قبل بھٹہ خشت کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی شروع کی جائے تاکہ موسم سرما میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آسکے۔
پشاور سے مزید