کوئٹہ(پ ر)بی این پی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کوئٹہ شہر میں چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ سیکورٹی ادارے عوام کی جان مال کی محافظ ہوتے ہیں لیکن کوئٹہ شہر میں سیکورٹی اہلکار مین شاہراؤں پر کاروباری شخصیات، محنت کشوں اور عوام سے سرعام رشوت لےکر ان کا جینا حرام کیے ہوئے ہیں۔بیان میں کہاگیاکہ ایک طرف سیکورٹی ادارے ،دوسری طرف مہنگائی ایسے میں چوری ،ڈکیتی ا ور راہ زنی کی وارداتوں نے عوام کا جینا محال کردیا۔ بیان میں کہاگیاکہ گزشتہ رات شہر کےگنجان آباد علاقے ہزارہ ٹاؤن میں بی این پی کے رہنماء نعمت ہزارہ کی گھر کے سامنے سےان کی گاڑی چوری ہوگئی لیکن سیکورٹی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔بیان میں واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کو پرامن ماحول میں جینے اور روزگار کرنےدیاجائے جبکہ پارٹی رہنماء نعمت ہزارہ کی گھر کے سامنے چوری ہونے والی گاڑی جلد برآمد کی جائے ۔