بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین کے صدر نے پیپلز لبریشن آرمی کو جنگ کی تیاری کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں لڑائی پر مرکوز رکھنے کی ہدایت کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شی جن پنگ نے پیپلز لبریشن آرمی سے کہا ہے کہ وہ جنگ کی تیاریوں پر بھرپور توجہ دے۔ حال ہی میں پارٹی کے سربراہ کے طور پر تیسری مرتبہ مدت حاصل کرنے والے شی جن پنگ نے کمانڈ سینٹر کا دورے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو جنگ کی تیاری کے لیے عسکری تربیت کو مزید بہتر کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ساری توانائی لڑائی پر مرکوز کریں، لڑنے پر سخت محنت کریں اور جیتنے کی صلاحیت کو بہتر بنائیں۔شی جن پنگ کا کہنا کہ چین کی قومی سلامتی کو عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور اس کو درپیش عسکری چیلنج کٹھن ہیں۔ کسی بھی قسم کی جنگی مشق کو حقیقی صورتحال کے تناظر میں جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ فوج ملکی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا تحفظ کرے اور پارٹی اور عوام کی جانب سے سپرد کیے گئے امور کو کامیابی سے سرانجام دے۔واضح رہے 69 سالہ شی کو حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے جنرل سیکرٹری اور سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے سربراہ کے طور پر دوبارہ تعینات کیا گیا تھا،جس کے بعد انہوں نے کمانڈر سینٹر کا پہلی بار دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ حکومتی عہدے دار بھی موجود تھے اور انہوں نے فوجی وردی بھی پہن رکھی تھی۔