تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ہمدہ
ملبوسات اور بیگز: ہمدہ کلیکشن
آرایش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی بھی عورت کی دُنیا اُس کے پرس یا ہینڈ بیگ کے بغیر یک سر ادھوری سی ہے۔ جب کہ ہینڈ بیگز کی تاریخ بتاتی ہے کہ سب سے پہلے 14ویں صدی عیسوی میں مصر سے یہ ہینڈ بیگز متعارف کروائے گئے، جو درحقیقت پتّوں اور جانوروں کی کھال سے بنائے گئے پاؤچز کی شکل میں تھے۔ تاہم،پھر1920 کی دہائی سے جو ہینڈ بیگز کے نت نئے انداز متعارف کروانے کا سلسلہ شروع ہوا،تو وہ تاحال جاری ہے۔ بہرکیف، ہماری آج کی بزم مغربی انداز ملبوسات کے ساتھ کچھ جدید طرز کے شولڈر بیگز سے مرصّع ہے۔
تو دیکھیے، ڈینم ڈانگری کے ساتھ وائٹ اور مسٹرڈ کے امتزاج میں ہینڈ بیگ کا انتخاب کیسا بھلا معلوم ہو رہا ہے، پھر سیاہ رنگ ڈانگری کے ساتھ سفید رنگ شولڈر باکس بیگ کا جلوہ ہے، تو سفید رنگ جینز اور فُل سلیوز کی شرٹ کے ساتھ گہرے گلابی رنگ کا اسٹائلش ساشولڈربیگ بھی خُوب غضب ڈھا رہا ہے۔ جب کہ سیاہ جینز اور شرٹ کے ساتھ لیدر میٹریل میں سُرمئی رنگ بیگ کا انداز بھی اسٹائلش ہے۔ اِسی طرح سِلک فیبرک میں فیروزی رنگ پلین لباس کے ساتھ ٹشو کا دوپٹا اور بیج رنگ شولڈر بیگ بھی بہت خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔