پیرس (نیوز ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ائرپورٹ کے اندر 18سال تک رہائش اختیار کرنے والا ایرانی شہری انتقال کرگیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مہران کریمی نصیری نے سفارتی معاملات میں الجھنے کے بعد روزی چارلس ڈیگال ائر پورٹ میں چھوٹی سی جگہ پر 1988میں اپنا گھر بنالیا تھا۔ مہران کریمی کی کہانی سے متاثر ہو کر 2004میں فلم ʼٹرمینلʼ بنائی گئی، جس میں مرکزی کردار ٹام ہانکسنے ادا کیا تھا۔ ائرپورٹ حکام نے بتایا کہ آخر کار مہران کریمی نصیری کو فرانس میں رہنے کی اجازت دی گئی لیکن وہ چند ہفتے قبل واپس ایئر پورٹ آ گئے تھے جہاں وہ انتقال کر گئے۔ 1945میں ایران کے صوبے خوزستان میں پیدا ہونے والے مہران کریمی نصیری نے پہلے اپنی والدہ کی تلاش میں یورپ کا سفر کیا تھا۔ انہوں نے کچھ عرصہ بلجیم میں گزارا، امیگریشن کی درست دستاویزات نہ ہونے کے سبب انہیں برطانیہ، نیدرلینڈرز اور جرمنی سے بے دخل کر دیا گیا، جس کے بعد وہ فرانس گئے اور ایئرپورٹ کے 2ایف ٹرمینل کو اپنا مسکن بنا لیا۔ رپورٹ کے مطابق جس بینچ پر وہ لیٹتے تھے، اس کے ارد گرد ٹرالیاں اور دیگر ساز و سامان تھا جو انہوں نے جمع کیا تھا، انہوں نے اپنے دن اپنی زندگی کے بارے میں لکھنے، کتابیں اور اخبار پڑھ کر گزارے۔ ان کی کہانی کو عالمی میڈیا اور ٹرمینل فلم کے ڈائریکٹر اسٹیفن اسپیل برگ کی توجہ حاصل ہوئی۔ لی پریسین کی رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ فلم دیکھ کر اس سے متاثر ہونے والے صحافیوں کی بڑی تعداد مہران کریمی نصیری سے بات کرنے چلی آئی اور ایک وقت پر وہ ایک دن میں 6انٹرویو دیتے تھے، مہران کریمی خود کو ’سر الفریڈ‘ کہتے تھے۔ فرانس کے اخبار لبریشن نے رپورٹ کیا کہ1999میں فرانس کی جانب سے مہاجرین کا درجہ دینے کے باوجود وہ ایئر پورٹ پر 2006تک مقیم رہے، جب انہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، اس کے بعد انہوں نے اپنا وقت ہوسٹل میں ان پیسوں سے گزارا جو انہوں نے فلم کی وجہ سے ملے تھے۔