کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت ڈاؤ یونیورسٹی میں جگر کی 100پیوند کاریوں کے اخراجات برداشت کرے گی ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ ڈاؤ یونیورسٹی لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کی جانب سے 75سے زائد جگر کے ٹرانسپلانٹ کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں انھوں نے ڈاؤ یونیورسٹی میں پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے نئےاو پی ڈی کمپلیکس کا نقاب کشائی کرکے رسمی افتتاح کیا۔ بعد ازاں گاما نائف سینٹر سے متصل آنکالوجی سینٹر (کینسر سینٹر) کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت ہیلتھ پروفیشنل کو ہر وہ الاؤنس دینے کو تیار ہے جو کسی اور صوبے میں دیا جا رہا ہے۔ سندھ میں سیلاب کے باعث جو تباہی آئی ہے اس کے اثرات ہر شعبے پر پڑے ہیں سندھ بجٹ پر اضافی مالی بوجھ بڑھا ہے جس کے باعث صوبے کے تمام ہی شعبوں سے وابستہ افراد ان حالات کو سمجھیں۔ تقریب سے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، "سیاگ" کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سعد خالد نیاز، لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر جہانزیب حیدر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے پچاس لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے ڈاؤ کو مالی معاونت کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے نجی شعبے کے افراد کے تعاون سے اس رقم میں اضافہ کرکے 75 سے زائد یعنی 81 ٹرانسپلانٹ کر دیئے اور مزید ٹرانسپلانٹ ابھی ہو رہے ہیں۔