• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ اور گوادر میں کارروائیاں، متعدد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)ملاوٹی دودھ اور مضر صحت خوردنی اشیاء کی فروخت کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ شہر میں 3 ملک شاپس سمیت 9 جبکہ گوادر میں 3 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ارباب کرم خان روڈ اور کرانی روڈ میں دودھ کے سیمپلز میں ملاوٹ ثابت ہونے پر 3 ملک شاپس کے خلاف ایکشن لیا گیا ۔ بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے متعدد مراکز سے دودھ کے نمونے لیکر بی ایف اے موبائل لیبارٹری کی جدید مشینوں پر چیک کئے ، لیب رپورٹس کے مطابق موقع پر ٹیسٹ کردہ 3 دکانوں کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور خشک دودھ کی ملاوٹ ثابت ہوئی جبکہ مذکورہ دکانوں میں صفائی و ڈیری پراڈکٹس ذخیرہ کرنے اور ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات بھی غیر صحت بخش پائے گئے۔ بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے دوران انسپیکشن مراکز کے مالکان کو دودھ کی دکانوں کیلئے بی ایف اے کی وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے اور عوام کی آگاہی کیلئے فروخت کیے جانے والے دودھ کی اقسام بارے دکانوں میں تفصیلات آویزاں کرنے کی ہدایت کی ۔اسی طرح جیل روڈ اور سمنگلی روڈ میں قائم کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 میٹ شاپس ،ایک فوڈ کارنر ، ایک جوس کارنر اورایک جنرل اسٹور پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ علاوہ ازیں بی ایف اے ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیم مکران گوادر ائیر پورٹ سے متصل علاقوں میں دوران معائنہ 3 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات برآمد کیں ، تینوں مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایکسپائرڈ اشیاء اور ممنوعہ و مضر صحت گٹکا قبضہ میں لیکر بعدازاں تلف کر دیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید