پشاور ( جنگ نیوز)فاطمید فاؤنڈیشن پشاور کے زیر اہتمام پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 100سے زائد پولیس جوانوں سمیت اعلیٰ افسروں نے تھیلی سیمیا و ہیمو فیلیا ء اور دیگر امرا ض خون میں مبتلا بچوں کیلئے خو ن کے عطیات دئیے۔ کیمپ کے انعقاد میں پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے کمانڈنٹ فصیح الدین اشرف‘ ڈپٹی کمانڈنٹ شاہجہان‘ ایڈ من ارشد حسین سمیر دیگر سٹاف نے بھر پور تعا ن کیا۔ پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ خون عطیہ کرنے کے بہت سے فوائد ہیں ہر 3ما ہ بعد خون کا عطیہ دینے سے انسانی جسم میں پوشیدہ امرا ض کا بروقت تعین ہو سکتا ہے‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پولیس فورس نے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور خون کا عطیہ دینا بھی ایک بہت بڑی قربانی اور صدقہ جاریہ ہے آئندہ بھی فاطمید فاؤنڈیشن کیساتھ مل کر ان بچوں کی بھر پور مدد کی جائے گی‘فاطمید فاؤنڈیشن پشاور کے آر ایم او سردار اخلاق احمد نے کمانڈنٹ فصیح الدین اشرف کو فاطمید فاؤنڈیشن کے تھیلی سیمیا بچوں کی خدمات پر انہیں ادارے کی طرف سے شیلڈ پیش کی۔دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر بدر حسین‘ آر ایم او سردار اخلاق احمد نے کمانڈنٹ سمیت تمام سٹاف کا شکریہ ادا کے اور کہا کہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔