تہران (نیوز ڈیسک)ایران نے امریکا اور یورپی ممالک پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے مفادمیں نہیں ۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےامریکا فرانس اور دیگر کئی یورپی ممالک کو ایران میں دہشت گردوں اور شرپسندوں کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی یقینی طور پر ان کے مفاد میں نہیں ہو گی۔ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ دشمن نے ملک کی سلامتی اور معیشت کے ساتھ ساتھ تعلیم اور پیداوار کے شعبوں کو نقصان پہنچا کر ایران کی ترقی کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے وزارت خارجہ کو حکم دیا کہ وہ سفارتی اور قانونی ذرائع سے ضروری اقدامات کرے تاکہ بیرون ملک سے کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔ انہوں نے ایرانی بچوں، خواتین، مردوں اور سکیورٹی فورسز کے شرپسندوں کے ہاتھوں ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بغاوت کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کریں اور دہشت گردوں اور شرپسندوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔