• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IBCC اجلاس، ہنرمندوں کیلئے ٹیکنیکل امتحان دینے کی عمر میں اضافہ

کراچی (سید محمد عسکری) انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) نے ملک بھر کے نوجوان ہنرمندوں کو سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ کی سہولت دینے کے سلسلے میں ٹیکنیکل بورڈز میں امتحان دینے کی عمر کی حد 17برس سے بڑھا کر 30برس کرنے کی منظوری دیدی ہےجبکہ ملک بھر میں انٹرمیڈیٹ کی سطح پر مطالعہ قرآن بطور اضافی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا جس کا 100نمبروں پر مشتمل پرچہ بھی ہوگا اور اسے اسکیم آف اسٹیڈیز میں بھی شامل کیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری جمعرات کو ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کے اجلاس (آئی بی سی سی) میں دی گئی۔ اجلاس میں نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کرنے کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی جس کا اطلاق آئندہ تین برس میں ہوگا۔ سیکرٹری آئی بی سی سی پروفیسر غلام علی ملاح نے بتایا کہ اسکلڈ لیبر، جس میں پلمبرز ، ٹیکنیشنز، الیکٹریشنز، ویلڈرزاور دیگر شامل ہیں ، ان کو بیرون ملک ملازمت کیلئے ٹیکنکل ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے تاہم ان کی عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ نہیں ملتا تاہم اب امتحان دینے کی عمر بڑھا دی گئی ہے اب وہ اپنے ہنر کے مطابق ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ حاصل کرپائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرک اور انٹر کی سطح پر رائج موجودہ گریڈنگ سسٹم اب ختم کیا جارہا ہے اور آئندہ تین برسوں میں سال 2025ء تک پورے ملک میں 10پوائنٹس گریڈنگ سسٹم نافذ کردیا جائے گا تاہم اس کے نفاذ کا سلسلہ آئندہ امتحانات سے ہی شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس گریڈنگ سسٹم کے تحت اب طالب علم کے امتحانی ریمارکس کے ساتھ ’ایف‘ یعنی فیل کی اصطلاح ختم کردی گئی ہے جس کی جگہ ’U ‘ یعنی unsatisfactory لکھا جائے گا امتحانات کے پاسنگ مارکس 33سے بڑھا کر 40؍ کردئیے گئے ہیں اسی طرح 95 سے 100 فیصد تک مارکس لینے والے طلبہ کا گریڈ A ہوگا جسے exceptional کا نام دیا گیا ہے۔ اسی طرح 90سے 95فیصد تک A جسے outstanding کہا گیا ہے، 85 سے 90 تک A گریڈ جسے remarkable کہا گیا ہے اور 80 سے 85 تک B جسے excellent کہا گیا ہے۔ سیکرٹری آئی بی سی سی کے مطابق 75 سے 80 تک B جسے very good کہا گیا ہے، 70 سے 75 تک B جسے good اور 60 سے 70 تک C گریڈ جسے fair کہا گیا ہے جبکہ 50 سے 60 تک D گریڈ جسے satisfactory اور 40 سے 50 تک E گریڈ جسے sufficient کا نام دیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید