کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل سنگل بینچ نے سندھ میں گٹکا، مین پوری کی فروخت اور اس ناجائز کاروبار میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو 6 ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا، درخواست گزار سجادی بیگم نے کہا کہ میرے دو بھائی گٹکے کی وجہ سے مر گئے، میں نہیں چاہتی کہ کسی کا پیارا گٹکے، ماوے اور مین پوری سے مرے، میرے شوہر گٹکا کھانے کی وجہ سے فوت ہوئے میری 2 بیٹیاں ہیں کمانے والا کوئی نہیں، اس گھناؤنے کام میں پولیس والے بھی ملوث ہیں، عدالت نے سیکریٹری قانون کو گٹکے پر پابندی سے متعلق قانون سازی میں پیش رفت کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی، عدالت نے استفسار کیا کہ گٹکا ،مین پوری کے کاروبار میں ملوث کتنے پولیس افسران کے خلاف کارروائی ہوئی؟ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے گٹکا فروشی میں ملوث پولیس افسران کی رپورٹ 6 ہفتوں میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔