• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنا ربانی کھر کا دورہ کابل، تعلقات میں بہتری کیلئے نیا طریقہ کار لانے پر اتفاق

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے اپنے دورہ افغانستان پر طالبان کی قیادت سے سیکورٹی مسائل اور معاشی تعاون سمیت وسیع پیمانے پر مذاکرات کئے ہیں، دونوں ممالک نے تعلقات میں بہتری کیلئے نیا طریقہ کار لانے پر اتفاق کیا ہے، وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے افغانستان کا دورہ کیا جو رواں برس وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت کے قیام کے بعد کسی وزیر کا پہلا دورہ کابل ہے۔ دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ حنا ربانی کھر نے دورے میں افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے کابل میں پہنچنے کے فوری بعد ملاقات کی جہاں افغانستان کے لئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ افغان حکام نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تعلقات کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ تمام مشترکہ مواقع اور مسائل کا مذاکرات کے ذریعے جائزہ لیا جاسکے۔ امیر خان متقی نے پاکستان میں افغان قیدیوں کی رہائی، سرحد پار نقل و حرکت میں مسافروں کو سہولیات، تجارت اور راہداری میں پیشرفت سے متعلق مسائل اٹھائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان نے تاپی گیس پائپ لائن، ریلوے لائنز اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کے لئے بھی آمادگی ظاہر کی، انہوں نے سیاسی تعلقات، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے بارے میں افغانستان کے مؤقف کی بھی وضاحت کی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کے ساتھ اچھے سلوک، سرحد پار نقل و حرکت میں مسائل کے حل اور ویزوں کے اجرا کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ پاکستان ٹرانزٹ کو مزید آسان بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید