پیرس (نیوز ڈیسک) فرانس نے تہران میں اپنے سفیر نکولس روشے کو ایرانی وزارت خارجہ میں طلب کرنے پر سخت احتجاج کیا۔ پیرس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آزادی اور اپنے حقوق کے احترام کے لیے ایرانی مظاہرین کی خواہشات جائز ہیں اور انہیں سنا جانا چاہیے۔ یاد رہے کہ 28نومبر کو فرانس کی قومی اسمبلی میں ایران میں آزادی کی تحریک کی حمایت میں قرار داد منظور کی گئی تھی۔ تہران نے جواب میں 30 نومبر کو فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے ملکی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔ دوسری جانب ایرانی صدرابراہیم رئیسی نے صوبہ کردستان کا دورہ کیا ، جو مہساامینی کی پولیس کے زیرحراست ہلاکت کے بعد احتجاج کا مرکزبن چکا ہے۔ انہوں نے عوام پرزوردیا کہ وہ دشمن کی چال ناکام بنائیں۔ انہوںنے ایران کے دیرینہ دشمنوں امریکا،برطانیہ ، اسرائیل اور یورپی یونین پر تشددکو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔ رئیسی نے کہا کہ شہریوں کو معاشی اور سماجی مسائل کا سامنا ہے، لیکن وہ یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ اپنی یک جہتی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیسے کیا جاسکتاہے۔