اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) شوگر ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ آج وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار کو چینی کی ایکسپورٹ کے بارے میں سمری بھجوائیں گے۔ شوگر انڈسٹری نے دس لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا تقاضا کر رکھا ہے جبکہ کین کمشنر پنجاب حسین بہادر کے مطابق حکومت پنجاب نے یہ موقف سوچ سمجھ کر اپنایا ہے کہ چینی کی ایک لاکھ ٹن ایکسپورٹ کی اجازت دی جا سکتی ہے اور اگر یہ چینی ایکسپورٹ ہونے کے بعد پاکستانی عوام کیلئے شوگر انڈسٹری چینی کی قیمت نہ بڑھائے تو اسکے بعد دوبارہ جائزہ لیکر زیادہ سےزیادہ مزید ایک لاکھ ٹن چینی کی برآمد پر شوگر ایڈوائزری بورڈ غور کر سکتا ہے۔ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے گزشتہ اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ میں حالیہ خوفناک سیلاب کے نتیجے میں 20فیصد رقبے پر گنے کی فصل کو نقصان پہنچا ہے‘ اسکے نتیجے میں نئے کرشنگ سیزن میں سندھ میں چینی کی پیداوار میں اُسی تناسب سے کمی آنے کا اندیشہ ہے جبکہ پاکستان شوگر انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاشبہ خوفناک سیلاب آئے لیکن اسکے ساتھ ہی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں گنے کو ضروری پانی بھی دستیاب ہوا‘ گنے کی پیداوار میں 20نہیں چار پانچ فیصد تک کمی آئے گی۔ پیداوار میں اس سے زیادہ اضافہ پنجاب میں گنے کی پیداوار کو بروقت موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے مل گیا ہے۔