اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قبل از وقت الیکشن ہونگے اور نہ کوئی دباؤ قبول ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی حکومت معاشی امور پر مکمل توجہ دے رہی ہے، جلد قوم کو ریلیف دینگے،جبکہ فضل الرحمٰن نے کہا اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے۔
ذرائع کے مطابق اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے اور اسی سلسلے میں حکومت اور پی ڈی ایم جماعتوں نے سر جوڑ لئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کی شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے، عمران خان کی کسی دھمکی کا اثر نہ لینے کا اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے جبکہ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ کوئی دباؤ قبول ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پی ڈی ایم کا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا۔