فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بڑا اپ سیٹ ہوگیا، مراکش نے اسپین کو شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
مراکش کے پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر جہاں دنیا حیران ہوئی وہیں پاکستانی اعلیٰ قیادت، وزیرِاعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت عارف علوی بھی مراکش فٹ بال ٹیم کو مبارکباد دیتے اور تعریف کرتے نظر آئے۔
شہباز شریف اور صدر عارف علوی کے ٹوئٹس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک کے یہ دونوں حکمراں کس قدر کھیل سے لگاؤ رکھتے ہیں۔
مراکش کی جانب سے کھیل کے اختتام پر اضافی وقت کے دوران دھواں دار گولز کرنے پر شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’موروکو، کیا کھیل کا اختتام کیا ہے‘۔
دوسری جانب صدر عارف علوی نے بھی خوشی میں ٹوئٹ کر ڈالا۔
صدرِ مملکت کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا تھا کہ ’یہ ایک بہترین کھیل تھا، شاباش مراکش، مبارک ہو، کوارٹر فائنل میں آپ کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں‘۔
دوسری جانب پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی سوشل میڈیا پر مراکشی ٹیم کو جیت پر مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں کے میدان میں سجدہ ریز ہونے کی تصاویر بھی لگائیں۔
واضح رہے کہ مراکش سابق ورلڈ چیمپئن اور فیورٹ اسپین کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی واحد مسلمان اور افریقی ٹیم بن گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ ممکنہ طور پر پرتگال سے ہوگا۔
یاد رہے کہ قطر میں جاری ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور گروپ مرحلے کے دوران بھی وہ اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر رہی تھی۔
دوسری جانب مراکش کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر مراکش کے علاوہ پاکستان سمیت کئی مسلمان ممالک میں بھی جشن منایا گیا ہے۔