• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتا ہوں وہ اس عہدے کیلئے ہے، سراج درانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے انچارج جج سریش کمار نے سماعت کی۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریفرنس کے شریک ملزم کی جانب سے کیس دوسری کورٹ منتقل کرنے کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔ جب تک سندھ ہائیکورٹ سے اس درخواست پر فیصلہ نہیں ہوتا درخواست ضمانت کیسے سنیں. عدالت نے آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت اور ریفرنس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سماعت کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ عدالت کی جج ریٹائر ہوچکی ہیں۔ اب 22 دسمبر کی تاریخ ملی ہے۔ نئے ایڈمنسٹریٹر اچھے آدمی ہیں۔ پہلے بھی مختلف محکموں اور عہدوں پر کام کیا ہے۔ سمجھتا ہوں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمان بہتر انتخاب ہیں۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ 4 برس ہوگئے، لیکن کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نیب کا ادارہ فیل ہوچکا ہے۔ نیب کو تو ختم ہو جانا چاہیئے لیکن دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ میرے سب جیل میں ہوتے ہوئے پروٹوکول لینے کی بات غلط ہے۔ جو بلٹ پروف گاڑی میں استعمال کرتا ہوں وہ اس عہدے کے زیر استعمال کے لئے ہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید