اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ 2025ء کے آغاز پر صدر مملکت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا کی ہے، صدر مملکت نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، اُمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہوگا۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یک جہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔