• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہے ہیں، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے ہر قسم کے حربے استعمال کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی ایک ٹیم مذاکرات، دوسری عالمی دباو بنانے میں مصروف ہے، عمران خان کا مقصد ذاتی ریلیف کے لیے پاکستان کی سالمیت اور دفاع پر سمجھوتہ کرنا، چیلنجوں کو ہوا دینا، افراتفری، پولرائزیشن اور تقسیم کرنا ہے۔پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت اس حد تک نہیں گئی۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آصف زرداری 12سال جیل میں رہے لیکن پھر بھی اپنے وطن پر آنچ آنے نہیں دی، ہم بھی نہیں چاہتے کہ کسی سیاسی قیدی کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں چلے، عمران خان کے ملٹری کورٹس کے حق میں بیانات موجود ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ آج پارہ چنار کے جو حالات ہیں اس کی ذمہ دار نااہل پی ٹی آئی کی حکومت ہے، پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران بنوں جیل سے دہشتگرد چھڑوائے گئے۔ اسلام آباد کو یرغمال بنانے والے اپنے صوبے میں تو ایک سڑک بھی نہیں کھلوا پا رہے، اس پر کیا عمران خان نے کوئی بیان دیا ہے؟ کیا عمران خان نے حکومت کو کوئی احکامات دیے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ کے پی میں ساڑھے تین سال میں ایک بھی کام نہیں کیا گیا، شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میں پوری قوم اور ہر ایک کو نئے سال کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ یہ سال تمام دنیا کے پاکستانیوں، پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں، ہمارے فلسطینی بھائیوں، اور تنازعات اور ظلم و جبر کے شکار تمام لوگوں کے لیے خوشیاں لائے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ نئے سال کی خوشیاں ذمہ داری سے منائیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسا کوئی کام نہ کریں جو دسروں کے لئے اذیت کا باعث بنے ۔ شہریوں کو ہوائی فائرنگ سے سختی سے گریز کرنا چاہیے جس پر حکومت سندھ کی طرف سے پابندی ہے۔
اہم خبریں سے مزید