کراچی (افضل ندیم ڈوگر) پاکستان سے بیرونِ ملک جانے کے خواہاں افراد کی تعداد میں نمایاں اضافے کے باوجود 2023ء کے مقابلے میں 2024ء میں 121418 کم پاسپورٹ بنوائے گئے جبکہ ای پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ پاکستان مصطفیٰ جمال قاضی نے اس نمائندے کو بتایا کہ 2024ء کے دوران 65 لاکھ 96 ہزار 520 پاکستانیوں نے پاسپورٹ بنوائے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 67 لاکھ 17 ہزار 938 تھی۔
2024ء میں پاسپورٹ کی فیس کی مد میں 47 ارب 64 کروڑ 55 لاکھ 23 ہزار 500 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔
ڈی جی پاسپورٹس کے مطابق 7 لاکھ 15 ہزار 74 اوور سیز پاکستانیوں نے پاسپورٹ بنوائے۔
پاکستان سے 52 لاکھ 6 ہزار 234 پاسپورٹ بنوائے گئے جبکہ آن لائن 2 لاکھ 52 ہزار 141 پاسپورٹ پراسس کیے گئے، 2024ء میں 257398 ای پاسپورٹس بھی بنوائے گئے۔
ڈی جی پاسپورٹس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاسپورٹ بنوانے میں 96 لاکھ 59 ہزار 312 کی تعداد کے ساتھ خواتین پہلے نمبر پر رہیں جبکہ 17 لاکھ 68 ہزار 341 مردوں نے پاسپورٹ بنوائے۔