کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ہیومن رائٹس و رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار قابل قبول نہیں ، صوبے کے وسائل کی وفاق کو حوالگی کے حوالے سے صوبائی اسمبلی کی حالیہ قرارداد اٹھارہویں ترمیم کے منافی ہے جسے مسترد کرتے ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے جس کی ضمانت آئین پاکستان نے دی ہے ایسے کسی بھی اقدام کی بھرپور مخالفت کریں گے جو ہمارے عوام کے استحصال پر مبنی ہوگا ، بلوچستان کے وسائل ہڑپ کرنے کے لئے ہمیں بند گلی کی جانب دھکیلا جارہا ہے ، آئینی طور پر اس وقت ون یونٹ نہیں بلکہ صوبے ہیں لیکن اختیارات کا رخ وفاق کی جانب کرکے آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس پر خاموشی ایک مجرمانہ فعل ہوگا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں پیش کردہ حالیہ قرارداد کو ارکان کی اکثریت سے پوشیدہ رکھا گیا انہوں نےکہا کہ بلوچستان کے وسائل پر قبضہ گیری کے لئے اس طرح کی قانون سازی قومی استحکام نہیں بلکہ مزیدمسائل کا باعث بنے گی بی این پی اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتی ہے ہر فورم پر بلوچستان کے ساحل و وسائل اور عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے قائد سردار اختر مینگل کی قیادت میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اقتدار ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا بلوچستان اور صوبے کے عوام ہمیں عزیز ہیں بی این پی اپنے اصولی موقف پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی ۔