اسلام آباد/کراچی(آئی این پی)بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف بیان دینے پر بھارت میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے خلاف مظاہروں کے ردعمل میں بلاول بھٹو کی حمایت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں میں مظاہرین نے مودی کے پتلے نذر آتش کیے،ہزاروں افراد کی شرکت،قدم بڑھائو بلاول قوم تمہارے ساتھ ہے،مودی کے پتلے نذر آتش،بھارتی وزیراعظم کیخلاف نعرے،اسلام آباد میں ریلی کے شرکا نے مودی سرکار کے خلاف نعرے بھی لگائے، قدم بڑھائو بلاول قوم تمہارے ساتھ ہے۔ نیئر بخاری نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ مودی کو للکارنے پر قوم بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑی ہے،اقوام عالم کو بھارت کا چہرہ دکھانے کا کام صرف بھٹو کا نواسہ ہی کر سکتا تھا۔کراچی میں مظاہرین سے خطاب میں رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے امریکہ میں بتایا کہ مودی گجرات کا قصائی ہے، مودی نے کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کیا،وزیر خارجہ نے امریکہ میں بہادری سے بات کی، بلاول بھٹو ملک کے اگلے وزیر اعظم ہونگے، اوکاڑہ میں مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے مودی کا پتلا بنا کر اس پر ڈنڈوں کی برسات کر دی، کارکنوں کی جانب سے بعد ازاں مودی کے پتلے کو نذر آتش کر دیا گیا۔