• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم، پی پی اور پی ٹی آئی پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتی ہیں، سراج الحق

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں جھوٹے گوشوارے داخل کرانے والے، مالی و اخلاقی کرپشن میں ملوث لوگ ملک پر قابض، دس بڑوں کا حقیقی احتساب ہو جائے تو سب جیل جائیں گے۔ پی ڈی ایم، پی پی اور پی ٹی آئی پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتی ہیں۔ حکمرانوں کو حالات کی پروا نہیں،بڑی پریشانی یہ ہے کہ ان کے اثاثوں اور کارناموں کی اطلاع قوم تک کیسے پہنچی؟ ہمارا تعلیمی نظام اس لیے زوال کا شکار ہے کہ حکمرانوں کے بچے یہاں نہیں پڑھتے، ہسپتال اس لیے تباہ ہیں کہ اشرافیہ بیرون ملک علاج کرواتی ہے، معیشت کی بربادی کی وجہ یہ ہے کہ حکمران طبقہ کا کاروبار یورپ، امریکا اور دبئی میں ہے۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔سراج الحق نے سنگاپور، چائنہ، ملائشیا کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ان قوموں کو اہل قیادت میسر آئی تو وہ ملک ترقی کر گئے۔ پاکستان کو آزاد ہوئے 75برس گزر گئے مگر یہاں ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے،ہماری اندرونی اور بیرونی پالیسیاں واشنگٹن کے کہنے پر تشکیل پاتی ہیں، افغانستان کو امریکا نے تسلیم نہیں کیا تو پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں نے بھی تسلیم نہیں کیا۔ معیشت پر آئی ایم ایف کا کنٹرول ہے، وزیراعظم کشکول اٹھا کر کبھی چین تو کبھی سعودی عرب جاتے ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ حکمران اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حالات سے مایوس ہونے کی بجائے انقلابِ اسلامی کی شمع روشن کی جائے۔
اہم خبریں سے مزید