کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ڈیویلپمنٹ محاذ کے زیراہتمام کوئٹہ کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے منگل کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت کنوینئر عبدالمتین اخونذادہ نے کی ، مظاہرین سے کنوینئر عبدالمتین اخونذادہ ، سینئر ڈپٹی کنوینئر نذر بڑیچ ، سردار حبیب بڑیچ ، عباس درانی ، خیر محمد شاہین ، حاجی نظام الدین افغان ، فرید بگٹی ، انجینئر عزیز بازئی ، قاری اسماعیل ، عجب خان کاکڑ ، قاری عبیداللہ ، منظور کاکڑ ، ندیم کاکڑ ، عجب خان ناصر اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کےشہری گزشتہ کئی سال سے زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، گیس، بجلی ، پانی ،ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان، بھتہ خوری اور ٹریفک کے خستہ حال نظام جیسے مسائل کا شہریوں کو سامنا ہے لیکن حکومت اور متعلقہ اداروں نے ان مسائل پر قابو پانے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھائے ہیں اور نہ ہی انتظامیہ نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے جس کی وجہ سے آج بھی عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم اور مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔