• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس کو آنا ہے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں، وسیم اختر

متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جس کو آنا ہے، پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم ہی مدر پارٹی ہے، سب کو اسی میں آجانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ خالد مقبول صدیقی ہی ہیں، سب مل کر جدوجہد کریں، پارٹی کو مضبوط کیا جائے۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ پارٹی کا آئین اور چند اصول ہیں، جو بھی آئے گا انہی اصول کے تحت آئے گا، جس کو آنا ہے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو 6 ماہ کےلیے معطل کیا گیا تھا، اُس وقت وہ پارٹی کے ڈپٹی کنوینر تھے۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی کسی جماعت سے آرہا ہے تو اسے ہمارےاُصول پر چلنا ہوگا، عہدوں کی باتیں بعد کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہم سے کراچی کی 14 نشستیں چھینیں، وہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے لے گئے۔

وسیم اختر نے کہا کہ سب سے کہا تھا کہ ڈیڑھ اینٹ کی مسجد نہ بنائیں، سب ایک ہوجائیں، ہم چاہتے ہیں پارٹی اسٹرکچر مضبوط ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کا فون نہیں آیا اور نہ میں کسی میٹنگ میں بیٹھا ہوں، عامر خان کو سب کچھ پتا ہے، وہ میٹنگ میں بیٹھے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ عامر خان نے بھی کہا ہے کہ جس کو آنا ہے اس پارٹی میں آجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے جدوجہد شروع کی ہے ہمیں نرمی نہیں ملی، ہم چاہتے ہیں ہمیں بھی وہ اسپیس ملے جو دیگر جماعتوں کو ملا ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے 22اگست کو الگ ہوگئے تھے، ہم اپنی سیاست کررہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید