اسلام آباد(بلال عباسی) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے 2022 میں پیٹرول کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس سے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا جنوری میں پیٹرول کی قیمت 144.62 روپے فی لیٹر تھی جو جون تک 250 روپے تک بڑھا دی گئی جو دسمبر تک کم کر کے 214.80 روپے کردی گئی،آئی ایم ایف شرائط نے پیٹرولیم لیوی بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دی، ایک سال میں پیٹرولیم لیوی میں 32.38 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا پیٹرول پر لیوی 17.92 روپے سے بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر کردی گئی ، ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 12.87 روپے کا اضافہ کیا گیا، ڈیزل پر 17.13 سے بڑھا کر 30 روپے فی لیٹر کردی گئی، پیٹرول پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.32 روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیلرز مارجن 2.10 روپے بڑھایا گیا ،ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.53 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیلرز مارجن میں 2.87 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔