اوسلو(ناصراکبر)پیپلز پارٹی ناروے کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو شہیدکی برسی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ناروے میں پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے کی، نظامت کے فرائض علی اصغر شاہدسیکرٹری جنرل پی پی ناروے نے ادا کئے۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے عہدیداران اورکارکنان نے شرکت کی ۔تقریب کا آغازمفتی محمد زبیر تبسم نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اورآقا دوجہاں ﷺکے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے اور بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا۔ پیپلز پارٹی ناروے کے سیکرٹری اطلاعات عاشق حسین راجہ نے بینظیر بھٹو شہید کو نظمیہ خراج تحسین پیش کیا، تقریب سے طلعت محمود بٹ، دانشوراور ایڈوکیٹ ارشد بٹ نے بھی خطاب کیا اور بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر چوہدری جہانگیر نواز نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی پاکستان ،جمہوریت کی بحالی اور عوامی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،شہید رہنما کی پاکستان کی سلامتی کیلئے کی گئی کوششوں اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آخر میں مفتی محمد زبیر تبسم نے دعا فرمائی۔