اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کا شدید مالی بحران 4 سالہ ورثے کا نتیجہ ہے دیوالیہ کی باتیں کرنے والے ملک دشمن ہیں، پی ٹی آئی کے پاس کوئی مثبت بات نہیں تو انہیں اپنی زبان بند رکھنی چاہئے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حالیہ سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ سیلاب نے ہمارے زرعی شعبہ اور سٹاک کو متاثر کیا، پاکستان کو تعمیر نو کے لئے مطلوبہ وسائل دستیاب ہوں گے تو متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو کے کاموں کو آگے بڑھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کی وجہ سے زرعی مصنوعا ت بین الاقوامی منڈیوں سے زیادہ قیمتوں پر امپورٹ کرنا پڑیں۔