• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سینسر بورڈ نے فلم ’پٹھان‘ میں کیا تبدیلیاں کروائیں؟

فلم ’پٹھان‘— پوسٹر فوٹو
فلم ’پٹھان‘— پوسٹر فوٹو 

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی تنازعات کا شکار فلم ’پٹھان‘ پر اُٹھنے والے اعتراضات دور ہونے کے بعد سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) نے اسے بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفیکیٹ کے مطابق فلم ’پٹھان‘ سے کچھ ’قابلِ اعتراض ڈائیلاگز‘ کو تبدیل اور فلم کے گانے ’بے شرم رنگ‘ سے اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے کچھ ’کلوز اَپ شاٹس‘ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

سینسر بورڈ کے سرٹیفیکیٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کا زعفرانی لباس جس کی وجہ سے فلم ’پٹھان‘ کے خلاف بھارت میں شدید احتجاج ہوئے تھے، ہٹایا گیا ہے یا نہیں۔

فلم ’پٹھان‘ سے جن الفاظ کو نکالنے یا تبدیل کرنے کے لیے کہا گیا تھا ان میں لفظ ’را‘ کی جگہ لفظ ’ہمارے‘ اور ’لنگڑے لولے‘ کی بجائے ’ٹوٹے پھوٹے‘ کو شامل کر دیا گیا ہے جبکہ لفظ ’پی ایم او‘ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

فلم پٹھان میں 13 مختلف جگہوں پر استعمال ہونے والے لفظ ’پی ایم‘ کی جگہ لفظ ’صدر‘ اور ’وزیرِ اعظم‘، لفظ ’مسز بھارت ماتا‘ کی جگہ ’ہماری بھارت ماتا‘، لفظ ’اشوک چکرا‘ کی جگہ ’ویر پوراسکر‘، لفظ ’کے جی بی‘ کو ’ایس بی یو‘ سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ایک ڈائیلاگ میں لفظ’اسکاچ‘ کو ’مشروب‘ سے تبدیل کر دیا گیا جبکہ فلم پٹھان میں دیے گئے روس کے حوالے کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جب سے فلم ’پٹھان‘ کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہوا ہے، مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے اس فلم پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید