• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیزان خان کے وکیل نے تونیشا شرما کی موت کا نیا رخ عدالت کے سامنے رکھ دیا

تونیشا شرما خود کشی کیس میں شیزان خان کے وکیل شیلندر مشرا نے معاملے کا نیا رخ پیش کردیا۔

ممبئی واسائی کورٹ میں شیزان خان کی ضمانت سے متعلق سماعت پر وکیل شیلندر مشرا نے کہا کہ تونیشا شرما نے موت سے صرف 15 منٹ پہلے ڈیٹنگ ایپ پر علی نامی لڑکے سے بات کی تھی۔

انہوں نے پیر کے روز عدالت کے روبرو کہا کہ میرے موکل کو صرف مذہب کی وجہ سے گرفتار کیا اور اسے ’لو جہاد‘ کا اینگل دیا گیا۔

شیزان کے وکیل نے بتایا کہ میرے موکل سے بریک اپ کے بعد تونیشا نے ڈیٹنگ ایپ جوائن کرلی تھی، جہاں اُس نے علی نامی لڑکے کو ڈیٹ کرنا بھی شروع کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے خودکشی سے صرف 15 منٹ پہلےعلی سے ویڈیو کال کی، میرا موکل نہیں وہ علی تھا، جس سے تونیشا رابطے میں تھی۔

شیلندر مشرا نے مزید کہا کہ تونیشا خودکشی کے لیے ذہنی طور پر تیار تھی، اپنے پراعتماد ساتھی اداکار پارتھ سے رسی لاکر دینے کےلیے بھی کہا تاکہ وہ زندگی کا خاتمہ کرسکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے موکل نے جب یہ باتیں سنیں تو تونیشا کے خاندان سے رابطہ کیا، انہیں خبردار کیا اور اداکارہ کا خیال رکھنے کےلیے کہا۔

شیزان کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل اور تونیشا شرما کے تعلقات بریک اپ کے بعد بھی خوشگوار تھے، وہ دونوں ہی شو کی شوٹنگ میں تسلسل سے حصہ لے رہے تھے۔

شیلندر مشرا نے عدالت میں کہا کہ میرے موکل پر الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ تونیشا کو اردو بولنے پر مجبور کرتا تھا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود بھی اس زبان سے واقف نہیں، اس کی بہنیں بھی اردو نہیں جانتیں، وہ تو ڈائریکٹر کی ڈیمانڈ پر اپنی لائنیں سیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تونیشا شرما کی باحجاب تصاویر کی بنیاد پر میرے موکل پر مذہب تبدیلی کےلیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا گیا، دراصل جو لباس اداکارہ نے زیب تن کیا وہ شو کی ڈیمانڈ تھا۔

شیزان کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ میرے موکل کو صرف مذہب کی بنیاد پر گرفتار کرکے معاملے کو لو جہاد کا اینگل دیا گیا، وہ مجھ سے پوچھ گچھ کرسکتے تھے تاکہ سچ سامنے آجائے لیکن مجھے مسلمان ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔

شیلندر مشرا کا کہنا تھا کہ میرے موکل کے خلاف کوئی ثبوت نہ ہونے کے باوجود مقدمہ درج کیا گیا، دراصل پہلے یہ طے ہونا چاہیے کہ تونیشا شرما کی موت خودکشی تھی یا کچھ اور تھا؟ میں کیس کے تمام حقائق عدالت کے روبرو رکھ چکا ہوں۔

عدالت نے آج کی کارروائی کے بعد سماعت 11 جنوری تک کےلیے موخر کردی۔

تونیشا شرما کے ساتھی اداکار اور سابقہ دوست شیزان خان اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے، انہیں آنجہانی اداکارہ کی والدہ کے خود کشی پر اکسانے کے الزام پر گرفتار کیا گیا۔

20 سالہ بھارتی اداکارہ نے ٹی وی شو ’علی بابا داستان کابل‘ کے سیٹ پر گزشتہ ماہ خودکشی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید