کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ قومی بقاء و ملکی استحکام کیلئے جان کا نذرانہ دینے والے قیادت اور عوامی پذیرائی کے حقیقی حقدار ٹھہرائے جاتے ہیں، مسلط کی جانیوالی قیادت لفظوں کی جادوگری سے کچھ دیر تو عوام کو گمراہ کرسکتی ہے مگر ان کو درپیش مشکلات کا مداوا نہیں کرسکتی، اب تک کئے جانے والے لاحاصل تجربات نے جہاں قوم کو زندہ درگور کیا وہاں اپنی نااہلی کی وجہ سے ملک کو سفارتی و معاشی طور پر تنہا کئے رکھا قیادت کے اس حقیقی فقدان اور درباریوں کی بھرمار نے تقسیم در تقسیم کے سامراجی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قوم کو ایک ایسے دوراہے پر لاکھڑا کیا جہاں ایک طرف تو معیشت زبوں حالی کا شکار ہوئی اور دوسری جانب جاری غیر جمہوری رویوں سے قوم نہ صرف جمہوریت سے متنفر ہوئی بلکہ اسے ملکی ترقی و خوشحالی کے دھارے سے یکسر دور کرکے دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی کا ملک پر مسلط کیا جانا محض ایک رانگ نمبر کے سوا کچھ نہیں، اقوام عالم تو دور کی بات دوست و اسلامی ممالک تک سیلاب زدگان کی معاشی معاونت و امداد تک کیلئے تیار نہ تھے ان گمبھیر حالات میں بلاول بھٹو بحیثیت وزیرخارجہ میدان عمل میں اترے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں و سیاسی بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک حقیقی و قومی لیڈر کا حق ادا کرتے ہوئے قلیل عرصہ میں وہ کچھ کردکھایا جس نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح سمیت تمام قوم کو شادمان کردیا، اس راست طرزعمل سے دنیا کے دروازے جو ہم پر بند تھے کھلے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں بلاول بھٹو کی قیادت میں قوم ترقی و خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرے گی۔