کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی ہدایت پر ناقص خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف بی ایف اے آپریشن ٹیموں کی کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں قوانین کی خلاف ورزی پر خانوزئی میں 11 ، ضلع شیرانی میں 2 جبکہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 10 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کی ہدایات پر بی ایف اے کی تین فوڈ سیفٹی ٹیمیں خصوصی طور پر خانوزئی پہنچیں جہاں انہوں نے کھانے پینے کے مراکز کی تفصیلی چیکنگ کی ، بی ایف اے کی دو معائنہ ٹیموں نے موبائل ملک سیفٹی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں قائم ہوٹلوں ، ملک شاپس ، بیکرز ، میٹ شاپس ، نان شاپس اور جنرل اسٹورز کا معائنہ کیا۔ دوران معائنہ 5 جنرل اسٹورز سے بڑی مقدار میں زائد المیعادو بغیر ایکسپائری تواریخ کی خوردنی مصنوعات پکڑی گئیں جنہیں ضبط کرکے دکانوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق 2 ہوٹلوں اور 2 میٹ شاپس کو صفائی کے ناقص انتظامات اور مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی جبکہ 2 ملک شاپس کو ملاوٹی دودھ کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا ۔ علاقے میں عوام کو فروخت کردہ دودھ کا جائزہ لینے کیلئے متعدد ملک شاپس و ہوٹلوں سے دودھ کے نمونے لیکر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ۔ مزید برآں جرمانہ کئے گئے تمام مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس بھی موجود نہیں تھے جس کے حصول کیلئے مالکان کو جلد بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔