کیمرج (جنگ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کیمبرج یونیورسٹی میں سینٹ جانز انوویشن سنٹر اور جج بزنس سکول کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ گل، پروفیسر سٹیلیوس کاواڈیاس، وائس ڈین برائے فیکلٹی اور ای ایم بی اے پروگرام کے ڈائریکٹر اور سینٹر فار بزنس ریسرچ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائیکل کٹسن کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے پاکستان کے اسٹارٹ اپس، انٹر پرینیور شپ اور ٹیک اکانومی کو فروغ دینے کیلئے عالمی معیار کے ترقیاتی انوویشن سینٹر منصوبہ سےمتعلق آگاہ کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے معیشت کو عالمی سطح پر مسابقتی معیشت میں تبدیل کرنے کے لئے E5ایجنڈا (برآمدات، ای پاکستان، توانائی، ماحولیات اور ایکویٹی) کا خاکہ پیش کیا ہے جس میں برآمدات کو ترقی کے انجن کے طور پر نمایاں کیا گیا ہے،پاکستان کو مسابقتی صنعتی ترقی کیلئے کیمبرج یونیورسٹی کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی نوجوانوں کی بڑی تعداد پرمشتمل ہے ، انہیں معیاری ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینے کیلئے 2016میں پاک-برطانیہ نالج کوریڈور قائم کیا گیا تھا۔ ای 5ایجنڈے کے تحت مسابقتی صنعتی ترقی کیلئے اکیڈمی اور انڈسٹری کے ربط کو فروغ دینا ایک ترجیح ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط اور موافقت پذیر انفراسٹرکچر کو تیار کرنے کیلئے حکومت پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سوشل انٹر پرینیورشپ کو فروغ دینے پر عمل پیرا ہے تاکہ پبلک سیکٹر سے اپنی سرمایہ کاری کی تعریف کی جا سکے۔اس موقع پر پروفیسر ایون سولیون نے کہا کہ وژن 2025بلاشبہ ترقی کا بہترین روڈ میپ ہے۔