بیجنگ(نیوز ڈیسک)چین نے سمندر میں دنیا کی سب سے بلند ہوائی ٹربائن بنانے کا اعلان کیا ہے جو 70 منزل سے بھی اونچا ہوگا اور ایک ٹربائن ٹاور لگ بھگ 18 میگا واٹ بجلی بناسکے گا۔ہر مرتبہ گھومنے پر یہ ونڈ ٹربائن نیشنل فٹ بال لیگ کے 12میدانوں کے برابر وسیع ہوگی اور اس کی تینوں پنکھڑیوں کی لمبائی 128میٹر ہوسکتی ہے۔ اس طرح سیارہ زمین پر یہ سب سے بڑی ونڈ ٹربائن ہوگی۔ اس کا تکنیکی نام مِنگ یانگ ایم وائی اس ای 16.0-242رکھا گیا ہے۔اسے سمندر میں نصب کیا جائے گا اور خاص طور پر شدید ہواؤں کو برداشت کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر ہوا 56میٹر فی سیکنڈ کی تیزترین ہوا (بلکہ طوفان) بھی ہو اسے بھی یہ برداشت کرسکے گی۔ تاہم اگر ہوا کی رفتار 8.5میٹر فی سیکنڈ سے بڑھ جائے تو اس کی پنکھڑیاں گھومنے لگتی ہیں اور بجلی کی پیداوار شروع ہوجاتی ہے۔ اگرچہ یہ ایک وقت میں 18میگاواٹ بجلی بناسکتی ہے لیکن پورے سال 80 گیگا واٹ آور بجلی ایک ٹاور سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس جناتی ونڈ ٹربائن کو سمندر کنارے لگانا بہت بڑا اور مہنگا چیلنج بھی ہوگا۔ تاہم وقت ہی بتائے گا کہ یہ منصوبہ کس طرح عمل سے گزرتا ہے۔