کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا تاکہ پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے تحفظ دیا جا سکے۔اس ماہ کی پولیو مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ضمن میں ٹرانزٹ پوائنٹس اور رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔اس کے علاؤہ کیچ اپ مہم میں رہ جانے والے اور انکاری والدین کو قائل کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ ہم نے عزم کررکھا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پورے صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اور پولیو کا خاتمہ کرنے کے لیے انسداد پولیو کی ہر مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانا لازمی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 15جنوری 2023ء سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم اور کیچ اپ مہم کے حوالے سے ایوننگ ریویو میٹنگ کی صدارت کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈی ایچ ڈی کوئٹہ۔ڈبلیو ایچ اور،یونیسف اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے معاشرے کی تمام اکائیوں بالخصوص والدین کی زمہ داری ہے کہ وہ اپنے اور دوسرے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں کیونکہ دوسرے بچوں کی وجہ سے بیماری ہمارے معاشرے سے ختم نہیں ہوگی لہذا انکاری والدین کو قائل کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ پولیو پلانے والی ٹیموں اور تمام اسٹک ہولڈرز کی محنت سے صوبے میں پولیو وائرس کا خاتمہ قریب ہے اگر محنت اور جذبے کو اسی طرح جاری رکھیں گے تو بہت جلد ہمارا صوبہ پولیو سے پاک ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے علماء کرام، قبائلی رہنماؤں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے۔والدین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ایک لا علاج مرض ہے او ر پولیو ویکسین پلا کر ہی بچوں کو اس سے لا علاج مرض سے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیو وائرس کی روک تھام کے لیے کمیونٹی ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہیں جو ان ہائی رسک علاقوں میں کام کرینگے جہاں بچوں تک رسائی مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ احساس یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دیکر پولیو کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔