• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن پاک کی توہین مسلمانوں پر دہشت گرد حملہ ہے، علمائے کرام

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی برطانیہ بھر کے علماء کرام نے شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن پاک کی توہین ڈیڑھ ارب مسلمانوں پرحملہ اور بدترین دہشت گردی ہے۔ سویڈن اس کی روک تھام کیلئے فوری طورپر اقدامات کر ے۔ برطانیہ کی مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین اور سینئر رہنما مولانا عبد الرشید ربانی، علامہ قاری محمد عباس، مولانا محمد بلال، علامہ صاحبزادہ امداد الحسن نعمانی، مولانا منور احمد محمودی ،مولانا عبدالرزاق رحیمی ، مولانا سید اسد میاں شیرازی، مولانا محمد اکرم اکاڑوی، مولانا قاری عبد الرشید،مولانا سید غضنفر الرحمٰن شاہ،مولانا محمد قاسم،مولانا مطیع الرحمٰن،مفتی فیض الرحمٰن ،مولانا نصیب الرحمٰن علوی،مولانا شفیق الرحمٰن ، مولانا شمس الرحمٰن، حافظ عثمان سہیل ، صاحبزادہ مولانا عادل فاروق ، مولانا رضاءا لحق، مولانا محمد ابراہیم ،مولانا محمد آمین ، حافظ مسعود الحسن نعمانی ودیگر علماء کرام نے سویڈن میں قرآن پاک کونذرآتش کرنے اور بے حرمتی پر مذمتی اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں انتہائی افسوس اور غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دُشمنی اور ذاتی عناد کی بناء پردُنیا کے امن و امان کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس پر پوری اسلامی دُنیا نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ہم اس گھناؤنے اور مکروہ فعل کی پُرزور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ہم سویڈن گورنمنٹ سے مطالبہ کرتے کہ وہ پوری مسلم اُمّہ سے معافی مانگے، انسان حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل کی روک تھام اور لوگوں کو تشدد پر اُکسانے والوں کو قرارواقعی سزا دی جائے اور جن مُسلم مظاہرین کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا ہوا ہے اُنہیں رہا کیا جائے ، یہ کیسی آزادئ اظہار رائے ہے کہ شُتر بے مہار کی طرح جو دل میں آئے اُسی کو کرتاچلا جائے، مسلمان کی غیرت ایمانی کبھی بھی ایسی قبیح حرکات کو بالکل برداشت نہیں کر سکتی ، یہ دہشت گردی نہیں ہے تو اور کیا ہے،سویڈن کوچاہئے کہ ایسے خبطی لوگوں کو جو مُلک کی بدنامی اور بے امنی کا باعث بننے والے ہیں اُن کی سپورٹ کرنےکی بجائے اُنہیں قرار واقعی سزا دے تاکہ آئندہ کسی احمق اور پاگل آدمی کو ایسی نازیباحرکت کرنے کی جرأت نہ ہو سکے ۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی برطانیہ کے قائدین نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو پامال کرنے کے مترادف ہے، تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں سویڈن حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر رہی ہیں ، سویڈن دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے بھرپور اقدامات اور واضح لائحۂ عمل کا اعلان کرے۔

یورپ سے سے مزید