بارسلونا(جواد چیمہ)کاتالان کرکٹ فیڈریشن کاتا لونیا کے زیراہتمام مقامی ریسٹورنٹ میں کاتا لونیا کرکٹ ایوارڈز کی تقریب اور ڈنرکا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین اور کاتالونیا گرین کرکٹ کلب کے کپتان چوہدری امانت حسین مہر تھے تقریب کی نظامت کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین حافظ غلام سرور اور سجاول خان نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا استقبال پھولوں کے گلدستے پیش کرکے کیا گیا۔ چوہدری عظمت حسین مہر،چوہدری شجاع امانت ،چوہدری شعیب ورک، علی رشید بٹ،سید ذوالقرنین شاہ،چوہدری محمد عرفان نے 2022 کرکٹ لیگ میں سنچری اسکور کرنے والے اوردیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے۔ چوہدری شعیب ورک نے جیتنے والی ٹیم اورکاتالان کرکٹ فیڈریشن کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام دیا۔چوہدری امانت حسین مہر نے کاتالان لیگ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور فیڈریشن کو نقد انعام دیا۔ چوہدری امانت حسین مہر نے بہترین بلے بازی کرنے والے کھلاڑیوں کو بیٹ تحفے میں دئیے۔ سید ذوالقرنین شاہ، جاوید مغل،علی رشید بٹ اور چوہدری امانت حسین مہر نے کاتالان کرکٹ فیڈریشن کی سالانہ کارکردگی کو سراہا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ چوہدری امانت حسین مہر نے کہا ہم نے ہمیشہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی کوشش کی ہےکیونکہ جن قوموں کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے اور ہمارے نوجوان اس کھیل کی فٹ بال کے شہر میں پہچان بنا رہے ہیں،اس وقت 800سے زائد نوجوان کھلاڑی اس کھیل کو کھیل رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ کاتالان کرکٹ فیڈریشن کی طرف سے کرکٹ کو فروغ دینے والے چوہدری امانت حسین مہر،چوہدری شعیب ورک اور چوہدری اشفاق باغانوالہ کویاد گاری شیلڈزپیش کی گئیں۔