برمنگھم (پ ر) بھارت ایک دہشت گرد ، انسانیت کا دشمن اور قاتل ملک ہے، بھارت میں کوئی جمہوریت نہیں، نریندر مودی کی انسانیت اور مسلمان دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی نے مودی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے، کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر کے بھارت جمہوریت اور آزادی کا جشن نہیں منا سکتا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت ختم کرنے کیلئے غیر کشمیری انتہا پسندہندوئوں کو آباد کرنے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر بھارتی قونصلیٹ برمنگھم کے سامنے یوم سیاہ کے مظاہرے سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ مفتی فضل احمد قادری، تحریک انصاف برطانیہ کے مرکزی رہنما خواجہ انعام الحق ایڈوکیٹ، فاروق القادری، سٹیو رٹ رچرڈسن، چوہدری انعام الحق، چوہدری محمد شکیل، غضنفر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رہنمائوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی امن کے علمبرداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں کہا کہ مسلہ کشمیر اگر پُرامن طور پر حل نہ کیا گیا اور بھارت کو مجبور نہ کیا گیا کہ وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار ت کرے تو اس کے ذمہ دار اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کے مستقل ممالک ہوں گے مسئلہ کشمیر برطانیہ نے پیدا کیا، اسے چاہئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے۔ مظاہرے سے دیگر سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا۔ مظاہرین نے مختلف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے، کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے، دس لاکھ بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے ،اس موقع پر بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی اور مودی کو عالمی امن کیلئے خطرناک اور اس دور کا ہٹلرقرار دیا گیا۔