• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بس میں ڈیزل یا پیٹرول ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، ترجمان کوچز یونین

کوئٹہ (آن لائن)ترجمان آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین نے سانحہ بیلہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہاہے کہ حادثہ بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے پیش آیا، بس کوئٹہ سے کراچی سہراب گوٹھ جا رہی تھی جس میں سریاب روڈ اڈے سے 12 افراد سوار ہوئے اور صبح سوا8بجے ہزار گنجی اڈے کے لیے روانہ ہوئی جہاں سے 16 افراد سوار ہوئے اور ساڑھے 8 بجے کراچی کے لئے روانہ ہوگئی۔ گزشتہ روز ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ بس کا عملہ 4 افراد پر مشتمل تھا۔ فرسٹ ڈرائیور، سیکنڈ ڈرائیور اور دو کلینر شامل تھے۔ حادثے میں بس کا عملہ بھی شہید ہوگیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ کوئٹہ سے کراچی جانیوالی بس میں سواریوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں تھا پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کا نام دینے کی تردید کرتا ہوں، بس کوئٹہ سے عملہ سمیت ٹوٹل 32 افراد جن میں خواتین، بچے لیکر کراچی کے لئے نکلی تھی۔ باقی مسافر راستے سے سوار ہوئے تھے جس کا علم کمپنی کو نہیں ، بس میں بیٹریوں کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے فوری طور پر پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا۔ انھوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کے کوئی بھی خبر شیئر نہ کی جائے کوئٹہ سے جانیوالی کسی بھی کمپنی کی بسوں میں ڈیزل اور پیٹرول اسمگلنگ نہیں ہوتا۔ عوام بے بنیاد خبروں پر دھیان نہ دیں۔ کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے عہدیدار پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے باقاعدہ طور پر تمام کوچز کا ہفتہ وار چیکنگ کرتے ہیں۔ترجمان نے حادثے میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور پسماندگان کےلیے صبر جمیل کی دعا کی ۔اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔ 
کوئٹہ سے مزید