لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افرادکی شہادت اور 100سے زائد افرادکے زخمی ہونے پر شدید دکھ کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ حملہ کی ذمہ داری قبول کرنے والے بھی خود کو مسلمان کہتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی لہر آتی نظرآرہی ہے، ایسے وقت میں ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اور پاکستان کی فوج کے ساتھ کھڑے ہوکرپاکستان کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں،انہوں نے کہا کہ حملہ کرنے والوں میں سامنے آکر لڑنے کی ہمت ہی نہیں،اسی لئے وہ چھپ کر وار کرتے ہیں۔ شیخ سربلند نے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کوجلدازجلدکیفرکردار تک پہنچایا جائے۔