لاہور(نمائندہ جنگ،نیوزایجنسیاں)لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر کے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا،عدالت نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کے 90روز میں انتخابات ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں، ہم ڈھونڈلیں گے کہ انتخابات کس نے کرانے ہیں،جسٹس جواد حسن نے کہا کیا آپ نے گورنر کو لکھا کہ الیکشن کی تاریخ دیں؟بیرسٹر علی ظفرنے جواب دیا ہم نے لکھا لیکن انہوں نے عمل نہیں کیا، اسمبلی ایڈوائس پر یا خود تحلیل ہو ہر صورت میں الیکشن 90دن میں کرانا ہوتے ہیں،عدالت نے کہا الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں، ہم ڈھونڈلیں گے کہ انتخابات کس نے کرانے ہیں،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا فیڈریشن کو فریق ہی نہیں بنایا گیا، گورنر ایک الگ باڈی ہے،بعد ازیں سماعت 3فروری تک ملتوی کر دی گئی۔پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دینے کیخلاف لاہورہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔