• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خام مال کی قلت کے باعث ملک میں سریے کا بحران ہے، چیئرمین آباد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین الطاف تائی نے کہا ہے کہ خام مال کی قلت کے باعث ملک میں سریے کا بحران ہے ، قیمت2 لاکھ80 ہزارروپے فی ٹن پہنچ جانے کے باوجود مارکیٹ میں سریا مل ہی نہیں رہا ہے ، حکومت فوری طور پر بلڈرز اور ڈیولپرز کو پڑوسی ملکوں سے بارٹر پر تعمیراتی مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت دے،ایک بیان میں چیئرمین الطاف تائی نے کہا کہ سریا بحران سے تعمیراتی شعبہ تباہی کی جانب گامزن ہے،حکومت کی جانب سے درآمد شدہ خام مال کے لیے لیٹر آٖف کریڈٹس(ایل سیز) نہ کھولنے کے باعث پاکستان میں سپلائی چین بری طرح متاثر ہوچکی ہے اور اس وقت سریا کی قیمت2 لاکھ80 ہزارروپے فی ٹن پہنچ جانے کے باوجود مارکیٹ میں سریا مل ہی نہیں رہا ہے ۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کو پڑوسی ملکوں سے بارٹر پر تعمیراتی مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت دی جائے ۔سریا اور دیگر تعمیراتی سامان مہنگا ہونے کے نتیجے میں بلڈرز اور ڈیولپرز کے کھربوں روپے کے تعمیراتی منصوبے رکے ہوئے ہیں اور لاکھوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں،حکومت نے فوری تدارک نہ کیا تو بلڈرز اور ڈیولپرز کاروبار بند کرکے سرمایہ دیگر ممالک کو منتقل کرنے پر مجور ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے درآمد شدہ خام مال کی ایل سیز نہ کھولی گئیں تو نہ صرف تعمیراتی سامان بلکہ اشیا ئے خور ونوش کی بھی قلت پید اہوجائے گی جس سے امن وامان کی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید