• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر میر کا لاہور پریس کلب کا دورہ، مسائل حل کرنیکی یقین دہانی

لاہور(خصوصی نمائندہ)نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری، سینئر نائب صدر شاداب ریاض سمیت گورننگ باڈی کے ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر صحافی نعیم مصطفیٰ ، خالد قیوم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے صحافیوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ عامر میر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت صحافیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے صحافیوں کی انشورنس کے مسائل بھی حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور لاہور پریس کلب عمارت کی توسیع اور مزید جگہ مہیا کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔ روڈا فیز 2 میں صحافیوں کیلئے مختص پلاٹوں کے 5 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔ صحافی کالونی میں صحافیوں کے پلاٹ قبضہ مافیا سے واگزار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عامر میر نے کہا صحافیوں کو انکا حق دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صحافی کالونی فیز 2 میں صحافیوں کو جلد رہائشی پلاٹس مہیا کئے جائیں گے، صوبائی وزیر نے صحافیوں کیلئے جلوموڑ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک بس سروس شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر سے سیکرٹری انفارمیشن علی نواز ملک، صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمر آرٹس کونسل ذوالفقار زلفی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور اور کراچی آرٹس کونسلز کے اشتراک سے لاہور میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین روزہ فیسٹیول کا انعقاد 10 سے 12 فروری تک لاہور میں ہو گا۔ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ علمی مشاعرہ، فوڈ فیسٹیول، میوزک ، نیشنل بک فیئر سمیت دیگر پروگرام فیسٹیول کا حصہ ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے فنکاروں کو ملنے والی رقم کافی نہیں ہے۔ صوبائی وزیر کا آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کو بہتر کرنے اور نظر ثانی کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی فنڈ کے موثر استعمال اور فنکاروں کی مالی امداد سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر الحمرہ آرٹس کونسل کو اداکارہ کنول نعمان کو فوری طور پر سپورٹ فنڈ کی ادائیگی کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری انفارمیشن کو نگران وزیر اطلاعات نے یوم کشمیر پر کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقاریب منعقد کرنے کی ہدایت کی اور کہا پنجاب حکومت یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائے گی۔ 5 فروری کو الحمرہ آرٹس کونسل میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب کی زیر قیادت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی جائے گی
لاہور سے مزید