• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا قیام اولیائے کرام کے فیضان کا نتیجہ ہے، سید عبدالماجد وارثی

کراچی ( پ ر ) بزمِ فیضانِ وارثیہ کے جنرل سیکریٹری سید عبدالماجد وارثی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام اولیائےکرام کا فیضان اور علما و مشائخ کی عملی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ وہ گزشتہ روز خطیب ِ اعظم مولانا محمد شفیع اوکاڑوی کے 40 ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں علماء و مشائخ نے اپنے اپنے مدارس اور خانقاہوں سے نکل کر تحریک ِ پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ان ہی علماو مشائخ میں مولانا محمد شفیع اوکاڑوی کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا انہوں نے اپنی بصیرت سے قیام پاکستان کے بعد عملی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیا اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں نظام مصطفی ﷺ اور استحکام پاکستان کے لیے عملی جدو جہد جاری رکھی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ عرس کی دو روزہ تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے گا اور عرس کے پہلے روز ان کے مزار شریف پر حاضری دی جائے گی اور گل پاشی کی جائے گی۔ مقررین نے علماء اہلِ سنّت سے مطالبہ کیا کہ وہ جمعہ 10فروری 2023ء کو اپنی اپنی مساجد اور خانقاہوں میں مولانا محمد شفیع اوکاڑوی کی دینی اور ملی خدمات پہ روشنی ڈالیں اور ایصال ثواب کا اہتمام فرمائیں۔ منعقدہ اجلاس میں حافظ سید زین العابدین قادری، حافظ سید محمد حمزہ قادری، سید محمد رامش، سید محمد عباس، سید میثم علی اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ مزید ان رہنماؤں نے سالانہ یادگاری کتابی سلسلہ الخطیب شائع کرنے پر علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی اور مولانااوکاڑوی اکادمی العالمی کے خادمین و وابستگان کو مبارک باد پیش کی۔اجلاس کے آخر میں ملک کے استحکام اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید