• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول قیمتوں میں 15 فروری سے پہلے اضافہ نہیں ہوگا، وزیر مملکت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے پیٹرول پمپس بند کرنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ملک میں 20 دن سے زیادہ کا پیٹرول موجود ہے، لوگ پیٹرول ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 15 فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں، ملک میں پٹرول کی کمی نہیں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ جاننا چاہوں گا کہ پیٹرول پمپس پر مسائل کہاں آرہے ہیں؟ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے آج صبح میٹنگ ہوئی ، ملک میں 20 روز کا پیٹرول اور 25 دن کا ڈیزل موجود ہے ، کوئی پیٹرول پمپ والے محدود پیٹرول فراہم کررہے ہیں تو نشاندہی ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ابھی کے مذاکرات کا پیٹرول کی قیمت سے تعلق نہیں، ملک میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی بار ایک دن پہلے پیٹرول کی قیمت کا اعلان اس لیے کیا کہ قلت نہ ہو، اگر کوئی پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرے گا تو کارروائی ہوگی، اگر کوئی دس پندرہ لاکھ کے منافع کیلئے اپنا لائسنس اور کاروبار بند کرنے کیلئے تیار ہے توٹھیک ہے ہم بھی ان کا کاروبار بند کرنے کیلئے تیار ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں 8 دس دن میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا۔ دوسری جانب پیٹرولیم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او کیلئے 6 کروڑ 80 لاکھ لیٹر پیٹرول کی درآمد کی ایل سی کھول دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بحری جہاز پیٹرول لے کر تیرہ سے پندرہ فروری تک بندرگاہ پہنچے گا۔ خیال رہے کہ پنجاب کےمختلف شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت دیکھنے میں آرہی ہے اور بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔
اہم خبریں سے مزید