اسلام آباد (طاہر خلیل ) جون 2026کے دوران چند ہائی پروفائل حملوں کے باوجود ملک میں مجموعی طور پر ریاست مخالف تشدد اور اس سے متعلق سکیورٹی واقعات میں کمی ریکارڈ کی گئی،ملک بھر میں 262افراد مارے گئے ،184دہشتگردشامل، 52 عام شہری اور 26اہلکار بھی شہید ہو گئے ،ملک کو کئی ہائی پروفائل حملوں کا سامنا رہا، چار خودکش حملے بھی کئے گئے، یہ بات اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز، پکس، نے عسکریت پسندی، ریاست مخالف تشدد اور متعلقہ سکیورٹی رجحانات سے متعلق جاری اعداد و شمار میں بتائی۔سیکورٹی رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 262 افراد مارے گئے جبکہ 134 زخمی ہوئے۔ مارے جانے والوں میں سب سے بڑی تعداد دہشت گردوں کی رہی اور 184 دہشت گرد پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مارے گئے۔ ان کے علاوہ 52 عام شہری اور سکیورٹی فورسز کے 26 اہلکار بھی شہید ہو گئے ۔زخمیوں میں 63 عام شہری، سکیورٹی فورسز کے 50 اہلکار، حکومت حامی امن کمیٹیوں کے 18 ارکان اور تین جنگجوشامل ہیں۔