• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلال و پاکیزہ غذاؤں کے انسانی زندگی پر اثرات

حاجی محمد حنیف خان

اسلام اعتدال پر مبنی مذہب ہے اور انسانوں سے ان ہی اعمال کا مطالبہ کرتا ہے جو اس کے متحمل ہوسکتے ہیں۔ اسلامی تعلیمات میں یہ بھی ایک خوبی ہے کہ یہ اپنے ماننے والوں کو دنیاوی و اخروی زندگی کے ارتقائی منازل تک پہنچانے اور تطہیر نفس و تزکیہ نفس کےلیے اصول و قواعد اور ضابطے مقرر کرتا ہے۔ اگر اس پر کامل طور پر اہل ایمان عمل کریں تو یقینی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ ان کی اخروی زندگی تو بن ہی جائے گی اور دنیاوی زندگی میں بھی اس کے ثمرات سے یہ فیضاب ہوسکتے ہیں۔ 

اگر اعمال کی ادائیگی میں افراط و تفریط کی کیفیت پائی گئی تو یہ ارتقائی منازل کے لیے سد راہ بن جاتی ہے۔ اسی لئے فرمایا گیا :’’اے ایمان والو‘‘جو پاک چیزیں اللہ نے تمہارے لئے حلال کی ہیں، انہیں حرام نہ کرلو، یعنی اللہ تبارک و تعالیٰ جن چیزوں کو حلال قرار دیتا ہے، تمہیں اس کا کوئی حق نہیں ہے کہ اسے اپنے لئے حرام قرار دے لو اور اس کا استعمال ترک کردو کیونکہ اللہ رب العالمین کے احکام کو ترک کرتے ہوئے جو شخص بھی لذات جسمانی کے ترک کرنے کو تزکیہ نفس ،تطہیر نفس اور تقربِ الٰہی کا ذریہ سمجھتا ہو تو یہ خود اس کاخود ساختہ طریقہ ہے۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:’’اور وہ پیغمبرﷺ، ان کے لیے طیّبات (پاکیزہ) چیزوں کو حلال اور خبیث (گندی چیزوں) کو حرام قرار دیتے ہیں( سورۃ الاعراف )ایک دوسرے مقام پر طیّبات (یعنی حلال) اور خبائث کا فلسفہ بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا،بھلا پاک و پاکیزہ اور نجس و ناپاک کیا برابر ہوسکتے ہیں؟ خواہ نجس ،ناپاک چیز تمہیں شکلاً کتنی ہی بھلی معلوم ہو ،مگر یادرکھو وہ تو ناپاک ہے اور ناپاک نجس ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’(اے محمدﷺ) کہہ دیجیے، خبیث اور طیّب برابر نہیں ہوسکتے، گو کہ ناپاک کی کثرت بھلی لگتی ہو۔اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، اے عقل مندو، تاکہ تم کامیاب ہو جائو‘‘ (سورۃ المائدہ) اسلامی تعلیمات انسانی فطرت سے ہم آہنگ ہیں ، یہ انسان کے جسم کی ساخت وبناوٹ کے عین مطابق ہیں ، جب تک انسان خواہشات نفس کو چھوڑ کر اللہ کے بنائے ہوئے نظام کے مطابق نہیں چلے گا، اسے زندگی میں ایسے ہی مصائب کاسامنا کرنا پڑے گا۔ دنیا میں عمومی طور پر جن آزمائشوں سے انسان دوچار ہوتا ہے، وہ اس وقت جب دنیا میں بے حیائی ،بدکاری اور انسانیت سوز ، ناانصافی اور ظلم وجور پر مشتمل کام ہونے لگتے ہیں تو اس قسم کی تباہیاں سامنے آنے لگتی ہیں ،وہ اس طرح کی آزمائشوں سے اسی وقت چھٹکارا پاسکتے ہیں، جب کہ کتاب اللہ اور حدیث رسول ﷺپر عمل پیرا ہوں۔

حضرت عبداللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا، اے جماعت مہاجرین، پانچ چیزوں میں جب تم مبتلا ہوجاؤاور میں اللہ کی پناہ مانگتا ہوں اس سے کہ تم ان چیزوں میں مبتلا ہو۔ اول یہ کہ جس قوم میں فحاشی علانیہ ہونے لگے تو اس میں طاعون اور ایسی ایسی بیماریاں پھیل جاتی ہیں جو ان سے پہلے لوگوں میں نہ تھیں اور جو قوم ناپ تول میں کمی کرتی ہے تو وہ قحط، مصائب اور بادشاہوں (حکمرانوں )کے ظلم وستم میں مبتلا کر دی جاتی ہے اور جب کوئی قوم اپنے اموال کی زکوٰۃ نہیں دیتی تو بارش روک دی جاتی ہے اور اگر چوپائے نہ ہوں تو ان پر کبھی بھی بارش نہ برسے اور جو قوم اللہ اور اس کے رسولﷺ کے عہد کو توڑتی ہے تو اللہ تعالیٰ غیروں کو ان پر مسلّط فرما دیتا ہے جو اس قوم سے عداوت رکھتے ہیں ،پھر وہ ان کے اموال چھین لیتے ہیں اور جب مسلمان حکمراں کتاب اللہ کے مطابق فیصلے نہیں کرتے، بلکہ اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ نظام میں (مرضی کے کچھ احکام)لیتے ہیں (اور باقی کوچھوڑ دیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس قوم کو خانہ جنگی اور)باہمی اختلافات میں مبتلا فرما دیتا ہے ۔ ‘‘(ابن ماجہ، باب العقوبات)

سب سے پہلے اسلام نے یہ تعلیم دی کہ یہ جسم اللہ کی نعمت ہے ،امانت ہے ، اس کے استعمال کے حوالے سے اللہ عزوجل نے جو احکام دیئے، ان ہی کے مطابق یہ جسم صحیح وسالم رہ سکتا ہے، ورنہ تباہی وبربادی انسان کا مقدر ہوسکتی ہے ، اگر انسان شتر بے مہار کی طرح ہر جگہ چرتا اور چگتا ہے اور بے قابو جانور کی طرح انسانی حدود وقیود سے نکل کر اپنی خواہشات نفس پر چلنا شروع کرتا ہے ، پھر اللہ کے عذاب کا اس پر ایسا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے کہ عذاب کی وجوہات اور بیماریوں کی ادویات کا بھی اندازہ لگانا مشکل ہوجاتا ہے ، بڑی بڑی معیشتیں ، دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں اللہ عزوجل کی طاقت کے سامنے ڈھیر ہوجاتی ہیں، اس لیے جسم کے استعمال کے حوالے سے شرعی احکام کو ملحوظ رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اسلام میں حلال و پاکیزہ غذاؤں کے استعمال اور حرام و ناجائز غذاؤں سے پرہیز کے پس پردہ جو بنیادی فلسفہ پوشیدہ ہے، وہ درحقیقت خالق کائنات اللہ عزوجل کا عطا کردہ ہے۔جس میں انسانیت کی فلاح و کامیابی پوشیدہ ہے۔

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ پاک ہے، وہ صرف پاک ہی کو قبول کرتا ہے، اوراس نے اس بارے میں جو حکم اپنے پیغمبروں کو دیا ہے، وہی اپنے سب مومن بندوں کو دیا ہے۔ پیغمبروں کے لئے اس کا ارشادہے، اے رسولو، تم کھاؤ پاک اور حلال غذا اورعمل کرو صالح، میں خوب جانتا ہوں تمہارے اعمال ۔اور اہل ایمان کو مخاطب کرکے فرمایا گیاکہ اے ایمان والو، تم ہمارے رزق میں سے حلا ل اور طیب کھاؤ(اور حرام سے بچو) عبادت اور دُعا کے قبول ہونے میں حلال غذا کو بڑا دخل ہے، جب غذا حلال نہ ہو تو عبادت اور دعا کی مقبولیت کا بھی استحقاق نہیں رہتا۔ 

ایک مسلمان پر جہاں اور بہت سے شرعی احکام کا بجا لانا ضروری ہے، وہیں اس پر یہ بھی لازم ہے کہ حلا ل چیزیں کھانے کا اہتمام کرے اور حرام چیزوں کے کھانے سے مکمل اجتناب کرے۔ان تعلیمات سے پتا چلتا ہے کہ حلال و طیب پاکیزہ غذائیں اور حرام و نجس، ناپاک غذائیں انسانی زندگی اور اس کی صحت پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ دین فطرت اسلام نے انسان کو حلال و پاکیزہ غذاؤں میں صحت و زندگی اور حرام و نجس غذاؤں میں وبائی امراض اور ہلاکت و بربادی کا سبب قرار دیا ہے۔ لہٰذا اس حوالے سے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی انسانیت فلاح و کامیابی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے۔

اقراء سے مزید