آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: اگر نماز کھڑی ہو رہی ہو، پہلی صف مکمل ہوگئی ہو، دوسری صف میں ایک شخص ہو، امام نیت باندھ رہا ہو تو اکیلا شخص دوسری صف میں کھڑا ہے، وہ کیا کرے؟ نیت باندھ لے یا دوسرے شخص کا انتظار کرے یا پہلی صف سے ایک شخص کو لے لے؟
جواب: حدیث شریف میں جماعت کی نماز کے دوران صف میں اکیلے نماز ادا کرنے سے منع کیا گیا ہے، لہٰذا اگلی صف مکمل ہوجانے کے بعد آنے والے نمازی کو چاہیے کہ اگر مزید نمازیوں کے آنے کی امید ہو تو دوسرے نمازی کے آنے کا انتظار کرے، لیکن اگر دیگر نمازیوں کے آنے کی توقع نہ ہو، یا نمازی کے انتظار میں رکعت نکل جانے کا اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں اگلی صف میں سے کسی ایسے شخص کو اپنی صف میں شریک کرلے جس کے بارے میں امید ہو کہ وہ مسئلہ سے واقف ہوگا اور اپنی نماز نہیں توڑے گا۔
اگر اگلی صف میں کوئی ایسا شخص نہ ہو تو اس صورت میں وہ اکیلے ہی پچھلی صف میں کھڑے ہو کر جماعت میں شامل ہوجائے۔ بہر صورت ایسے شخص کی نماز ہوجائے گی، اور جماعت کے ثواب سے محروم نہ ہوگا۔ (الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الصلاۃ، الباب السابع فیما یفسد الصلاۃ،ج:1، ص:107، دارالفکر - ردالمحتار، کتاب الصلاۃ، باب ما یفسد الصلاۃ و ما یکرہ فیہا، ج:1، ص:647، سعید)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk