پشاور(نمائندہ خصوصی)اے این پی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر اور خیبر پختونخوا کے ریٹائرڈ ہوم سیکرٹری سید اختر علی شاہ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پشاور پولیس ہیڈ کوارٹرز کی جامع مسجد میں خود کش حملہ سے ایک سو سے زائد لوگوں کی شہادت بہت بڑا قومی سانحہ ہے اور پورے ملک کی فضا سوگوار ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میں دہشت گرد مذاکرات کے دوران دوبارہ منظم ہوئے اور انہیں خیبر پختونخوا میں خفیہ ٹھکانوں میں آنے کا موقع ملا جس سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا اور عوام غیر محفوظ ہو گئے2013سے پہلے کی حکومت کے دور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ سوات ‘شبقدر اور بعض دوسرے علاقے جہاں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی تھی اور وہاں دہشت گردوں نے متوازی حکومت قائم کر رکھی تھی ان تمام علاقوں میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا اور حکومت کی رٹ بحال کی گئی اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبے کے عوام کو خیبر پختونخوا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے متحد ہونا چاہئے ۔