شنگھائی (نیوز ڈیسک) چین کا ارب پتی سرمایہ کار بینکر باؤ فین پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔یہ بات ان کے قائم کردہ بینک China Renaissance Holdings (سی آر ایچ) کی جانب سے ہانگ کانگ ایکسچینج میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتائی گئی۔بینک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہمیں باؤ فین کی عدم دستیابی کے بارے میں کچھ علم نہیں اور گزشتہ چند دن سے ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ باؤ فین کو غائب ہوئے کتنا عرصہ ہوچکا ہے، مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق باؤ فین 2 دن سے اپنے دفتر نہیں آئے اور ان سے رابطے کی کوششیں بھی ناکام ثابت ہوئیں۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ سی آر ایچ کے صدر کونگ لین کے خلاف ستمبر 2022 سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔باؤ فین کا شمار چین کی ٹیکنالوجی صنعت کے اہم ترین ڈیل میکرز میں ہوتا ہے جو متعدد بڑی کمپنیوں کے معاملات کی نگرانی کرتے ہیں۔انہوں نے امریکی کمپنی مورگن اسٹینلے میں ایک بینکر کے طور پر کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور 2005 میں سی ایچ آر کی بنیاد رکھی تھی۔